اسٹل مل کا یادگار ماضی

 اسٹل مل کا یادگار ماضی

منیبہ راشد ، کراچی

آہ ! پاکستان اسٹیل ملز کرپشن کی زد میں کیا آیا کہ اس کا ہر اثاثہ ہر یاد بس ایک یاد بن گئ  اسٹیل ملز پاکستان کا پہلا اور واحد سرکاری فولاد ساز ادارہ جس کا ماضی اس قدر شاندار ہے کہ اب اس کے ہر شعبہ کی حالت زار دیکھ کے دل خون کے آنسو روتا ہے جب یوم پاکستان کے موقع پہ  اسٹیل ٹاؤن کے فریدی اسٹیڈیم میں اسٹیل ملز کے تمام اسکول و کالجز نے مشترکہ پروگرامات پیش کیے تھے

کیا خوبصورت دن تھے جب ہم  ساتویں جماعت میں تھے  ہمارے اسکول مشعل گرلز سیکنڈری اسکول کے حصے میں پی ٹی ڈسپلے اور پریڈ آئ تھی۔ہم نے بھی پی ٹی ڈسپلے  میں حصہ لیا تھا ۔کتنے ہی روز ہم نے تیاری کی اور ہماری پی ٹی ٹیچر واقعی کمال تھیں ہاتھ کے اشاروں سے پی ٹی سکھاتے سکھاتے وہ کب ہمیں ڈف کی بیٹ پہ لے آئیں پتہ نہیں چلا ۔اور جس دن تقریب تھی اس سے ایک دن پہلے کی ایکسائٹمنٹ اب بھی اسی جوش و خروش میں مبتلا کردیتی ہے چار رنگوں کے ربن  باندھے جب ہم پی ٹی ڈسپلے کا مظاہرہ کررہے تھے اس وقت ہماری ٹیچر کی کمینٹری بھی شاندار تھی وہ ہر اشارے ہر ایکشن کو پاکستان کے لہلہاتے کھیتوں سے تشبیہ دیتی تھیں

اسی تقریب میں نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ و طالبات نے شاندار قسم کی پریڈ کا بھی مظاہرہ کیا تھا ۔۔اس کے علاوہ پاکستان اسٹیل ملز کے ماڈل کا مظاہرہ آپ اس ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں ہمارے اساتذہ ان کی شستہ زبان ،ان کی اردو ،ان کی محنتیں ان کی کمٹمنٹ اب یاد کریں تو احساس ہوتا ہے ہم کیا کچھ کھو بیٹھے ہم نے کرپشن کی زد میں آکے صرف ایک عظیم ادارہ ہی نہیں کھودیا اس سے منسلک ہزاروں باصلاحیت افراد  بھی کھو دییے اس کا پلانٹ ،اس کی رہائشی سوسائٹی جو کسی بحریہ ٹاؤن سے کم نہیں تھی اس کا واٹر فلٹریشن پلانٹ ،اس کا ہارٹی کلچر ڈیپارٹمنٹ ،اس کے کھیل کے میدان ،اس کے کلبز اس کے ہوٹل اس کے میس اس کی مارکیٹس اس کی مساجد اور اس کے وہ فولادی کارکن جنہوں نے اپنے خون پسینے سے اسٹیل ملز کی بنیاد ڈالی

اب نہ وہ دن رہے نہ وہ راتیں اسٹیل ملز بند ہوگئ اور وہ حسین و دلکش اسٹیل ٹاؤن جہاں زندگی کے بہترین دن گزارے وہ اب اجڑے دیار کا منظر پیش کرتا ہے اسٹیل ملز پھر سے کبھی بحال ہوگی بھی کہ نہیں ،نہیں معلوم لیکن اس سے وابستہ یادیں ہمیشہ دل کو آباد رکھیں گی ۔